نئی دہلی ، 30 اگست (ایجنسی) سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت سے کانگریس کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کو جمعہ کے روز بھی کوئی راحت نہیں ملی اور خصوصی عدالت نے آئی این ایکس میڈیا معاملے میں ان کی سی بی آئی تحویل کی مدت 2 ستمبر تک کے توسیع کردی۔
مسٹر چدمبرم کی حراست کی مدت پوری ہونے پر انہیں آج راؤز ایونیو کی ایک عدالت میں خصوصی جج اجے کمار کوہار کے سامنے پیش کیا گیا۔ جج کوہار نے دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد سابق مرکزی وزیر کی سی بی آئی تحویل میں 2 ستمبر تک توسیع کا حکم
دیا۔ اس موقع پر مسٹر چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم بھی عدالت میں موجود تھے۔
دہلی ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد مسٹر چدمبرم کو 21 اگست کی شب سی بی آئی نے گرفتار کیا تھا۔ انہیں 22 اگست کو خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے سابق مرکزی وزیر کو 26 اگست تک سی بی آئی کی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ مسٹر چدمبرم کی حراست کی مدت پوری ہونے کے بعد 26 اگست کو ایک بار پھر عدالت میں پیش کیا گیا۔ سی بی آئی نے عدالت سے مسٹر چدمبرم سے پوچھ گچھ کے لئے مزید پانچ دن کی درخواست کی تھی۔ عدالت نے حراست میں آج تک توسیع کردی تھی۔