بنگلورو، یکم مئی (ایجنسی) چاند پر ہندوستان کے دوسرے مشن چندریان دو کی روانگی کے لئے 9 سے 16 جولائی کے درمیان کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ اس مشن کا عرصہ سے انتظار تھا۔
ہندوستانی خلائی تحقیق تنظیم (اسرو) نے بدھ کو بتایا کہ چندریان ۔2 کے تینوں ماڈیولوں کو 9 جولائی سے 16 جولائی کے درمیان بھیجنے کے لئے تیار کیا جارہا ہے۔ اس کے چھ ستمبر کو چاند پر پہنچنے کی امید ہے۔ چندریان ۔2 میں تین ماڈیول ہیں ۔آربیٹر ماڈیول چاند کے مدار میں اس کا چکر لگائے گا ۔ لینڈر ماڈیول چاند کی سطح پر اترے گا ، اسے وکرم کا نام دیا گیا ہے۔ تیسرا ماڈیول پرگیان نام کا روور ہے جو چاند کی سطح پر گھوم گھوم کر ڈاٹا اور نمونے اکٹھا کرے گا۔
چندریان۔ 2 کی روانگی کے وقت اس کے آربیٹر اور
لینڈر ماڈیول ایک دوسرے سے جڑے رہیں گے ۔ روور کو لینڈر کے اندر رکھا جائے گا۔ زمین سے روانہ ہونے کے بعد پہلے انہیں زمین کے مدار میں قائم کردیا جائے گا ۔بعد میں پہلے سے طے پروگرام کے مطابق مدار میں تبدیلی کرکے اسے چاند کے مدار میں پہنچا دیا جائے گا۔
چاند کے مدار میں پہنچ کر لینڈر آربیٹر سے الگ ہوجائے گا اور چاند کے جنوبی قطب کے پاس پہلے سے مقرر مقام پر آہستگی سے چاند کی سطح پر اترے گا۔ اس کے بعد روور بھی لینڈر سے الگ ہو جائے گا اور سائنسی ڈاٹا اور نمونے اکٹھا کرنے کے لئے چاند کی سطح کا چکر لگائے گا۔ لینڈر اور آربیٹر سائنسی تحقیق کے لئے مختلف آلات سے لیس ہوں گے۔
اس مشن کی روانگی ملکی ساخت کی خلائی گاڑی جی ایس ایل وی ایم کے۔3 کی مدد سے کی جائے گی۔