نئی دہلی، 02 جون (یو این آئی) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ وزیر صحت ستیندر جین کے بعد اب مرکزی حکومت نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم منیش سسودیا کو جھوٹے مقدمے میں پھنسا کر جیل بھیجنے کی سازش کر رہی ہے۔
جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں مسٹر کیجریوال نے کہا کہ میں نے کچھ مہینے پہلے بتایا تھا کہ مرکزی حکومت مسٹر جین کو فرضی کیس میں گرفتار کرنے جا رہی ہے۔ مجھے یہ بات انتہائی معتبر ذرائع سے معلوم ہوئی۔ کل انہی ذرائع سے اطلاع ملی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں مرکزی حکومت مسٹر سسودیا کو بھی گرفتار کرنے والی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مرکزی حکومت نے تمام تحقیقاتی
ایجنسیوں سے کہا ہے کہ وہ مسٹر سسودیا کے خلاف ایک یا دوسرا فرضی مقدمہ تیار کریں۔ جس طرح انہوں نے مسٹر جین کے خلاف فرضی مقدمہ تیار کیا ہے، اسی طرح یہ لوگ مسٹر سسودیا کے خلاف بھی فرضی مقدمہ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم ہندوستان کے تعلیمی انقلاب کے بانی ہیں۔ وہ شاید آزاد ہندوستان کی تاریخ کے بہترین وزیر تعلیم ہیں۔ پہلے سرکاری اسکولوں میں غریبوں کے بچے معیار سے گری ہوئی تعلیم ملتی تھی۔ دہلی کے سرکاری اسکولوں میں 18 لاکھ بچے پڑھتے ہیں۔ ان تمام بچوں کا مستقبل تاریک تھا۔ مسٹر سسودیا نے ان بچوں کو اچھے اور روشن مستقبل کی امید دلائی ہے۔ ان بچوں کے والدین کی آنکھوں میں چمک ہے۔