حیدرآباد، 3 جولائی (اعتماد) تلنگانہ پولیس نے نئے فوجداری قوانین کے لاگو ہونے کے بعد ریاست میں اپوزیشن کے ایک رکن اسمبلی کے خلاف پہلا کیس درج کیا ہے اس طرح بی آر ایس پارٹی کے رکن اسمبلی پی کوشک ریڈی تلنگانہ کے وہ پہلے رکن اسمبلی ہیں جن کے خلاف نئے فوجداری قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ کریم نگر پولیس نے حضور آباد کے بی آرایس رکن اسمبلی پی کوشک ریڈی کے خلاف معاملہ درج کر لیا۔ یہ مقدمہ فرائض سے عہدیداروں کو روکنے پر درج کیا گیا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل
آفیسر کو معطل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ضلع پریشد جنرل باڈی اجلاس کے دوران احتجاج کیا۔ وه اور دیگر زیڈ پی ٹی سی ارکان میٹنگ ہال پہنچے اور کلکٹرپر میلاستپتی کو ہال سے جانے سے روک دیا۔ انہوں نے دیگرارکان کے ساتھ بحث و تکرار بھی کی۔ شام میں ضلع پریشد سی ای اوسرینواس نے کریم نگر ون ٹاون پولیس سے رکن اسمبلی کے خلاف شکایت کی۔ پولیس نے رکن اسمبلی کے خلاف بی این ایس ایکٹ کی دفعہ 221، 126 (2) کے تحت مقدمات درج کیے ہیں۔ کوشک ریڈی پہلے ایم ایل اے ہیں جن پر بی این ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔