دبئی، 23 اپریل (یو این آئی) ہندوستان اور پاکستان میں کورونا کے بے تحاشہ بڑھتے معاملات کے پیش نظر کینیڈا نے دونوں ممالک کے مسافر پروزاوں کو 30 روز کے لئے معطل کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم یہ قدم عارضی ہے اور صورت حال کا جائزہ لیا جارہا ہے میڈیا رپورٹ کے مطابق کینیڈا کے وزیر ٹرانسپورٹ عمر الغابرا نے ہندوستان اور پاکستان سے تمام مسافر پروازوں کو 30 روز کے لیے معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ممالک سے آنے والے مسافروں میں کووڈ ۔19 کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’پاکستان اور ہندوستان سے کینیڈا آنے والے مسافروں میں کووڈ۔ 19 کے زیادہ کیسز پائے جانے کے معاملے کے پیش نظر میں ہندوستان اور پاکستان سے کینیڈا آنے والی
تمام تجارتی اور نجی مسافر پروازوں کو 30 دن کے لیے معطل کر رہے ہیں‘۔
تاہم انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ ایک عارضی اقدام ہے جبکہ ہم سامنے آنے والی صورتحال کا جائزہ لے رہیں ہیں اور آگے بڑھتے ہوئے مناسب اقدامات کا تعین کررہے ہیں‘۔یہ پابندی جمعرات کو پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے گیارہ بجے نافذ العمل ہوئی۔انہوں نے کہا کہ یہ پابندی کارگو پروازوں پر لاگو نہیں ہوگی جس میں بالخصوص ویکسین، ذاتی حفاظتی سامان اور دیگر ضروری سامان کی شپمنٹس شامل ہیں۔
عمر الغابرا نے کہا کہ فی الحال کینیڈا اور برازیل کے درمیان کوئی طے شدہ پروازیں نہیں ہیں تاہم ’اگر صورتحال خراب ہوگی تو ہم دیگر ممالک کے سفر پر پابندی عائد کرنے میں دیر نہیں کریں گے‘۔