حیدرآباد،27مئی(یواین آئی) ’فری پریس ایڈیٹرس اینڈ جرنلسٹس فیڈریشن‘نے تلنگانہ حکومت سے نمائندگی کرتے ہوے مطالبہ کیا تھا کہ صحافیوں کے لئے کورونا ٹیکہ اندازی کا علحدہ طور پر نظم کریں تاکہ100فیصد ٹیکہ اندازی کو یقینی بنایا جاسکے، اس سلسلے میں حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 28 اور 29 مئی کو خصوصی مہم چلاتے ہوے ٹیکہ اندازی کو یقینی بنایا جائیگا۔
کمشنر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ اروند کمار نے ایک بیان جاری کرتے ہوے بتایا کہ ترجیحی بنیادوں پر اس مہم کا آغاز کیا
جارہا ہے، ریاستی سطح کے ا کریٹیڈٹ صحافیوں کے لئے دونوں شہروں میں پانچ ٹیکہ اندازی کے مراکز بنائے گئے ہیں جن میں پریس کلب سوماجی گوڑہ، پریس کلب بشیر باغ،ایم سی آر ایچ ڈی انسٹی ٹیوٹ جوبلی ہلز، ایریا اسپتال ونستھلی پورم کے علاوہ یونانی اسپتال چارمینار شامل ہیں۔
ٹیکہ اندازی مراکز پر اکریڈیٹڈ صحافی اپنے آدھار کارڈ اور اکریٹیڈیشن کارڈ کے ساتھ پہونچتے ہوے ٹیکہ حاصل کر سکتے ہیں جبکہ اضلاع کے صحافی متعلقہ ڈی پی آر او دفتر سے ٹیکہ اندازی مراکز کی فہرست حاصل کر سکتے ہیں۔