جھانسی، 15 فروری (ایجنسی) اترپردیش کے سب سے پسماندہ علاقوں میں شامل بندیل کھنڈ کو مختلف منصوبوں کی سوغات دے کر اس علاقے کی ترقی کو رفتار دے کر وزیراعظم نریندر مودی نے سنیچر کو اعلان کیا کہ ان منصوبوں سے اس علاقے میں ترقی کو ایسی رفتار ملے گی کہ یہ ملک کی سب سے تیز رفتاری سے ترقی کرنے والے علاقوں میں شامل ہوجائے گا۔
بھوجلا منڈی میں منعقد جلسہ عام میں وزیراعظم نے ریاست کے گورنر رام
نائک، وزیراعلی آدتیہ ناتھ یوگی، مقامی ممبر پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر اوما بھارتی کے ساتھ ساتھ معزز شخصیات کی موجودگی میں بندیل کھنڈ کے لئے 14 منصوبوں کی بنیاد رکھی اور افتتاح کیا۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ "گزشتہ مرتبہ جب آپ کے علاقے میں آیا تھا تو آپ سے وعدہ کیا تھا کہ آپ جو زبردست پیار مجھے دے رہے ہیں اسے میں سود سمیت واپس لوٹاؤں گا۔ ہم وعدے نبھانے والے لوگ ہیں۔ جو وعدہ اور ارادہ کرکے نکلتے ہیں اسے پورا کرکے ہی دم لیتے ہیں۔