سری نگر، 21 جنوری (ایجنسی) وسطی کشمیر میں ضلع بڈگام کے چرار شریف کے ہاپت ناڈ کے جنگلوں میں پیر کی صبح ہونے والے ایک مسلح تصادم میں مبینہ طور پر 2 جنگجوﺅں کو ہلاک کیا گیا ۔ علاقہ میں مزید جنگجوﺅں کی موجودگی کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ چرار شریف کے ہاپت ناڈ کے جنگلوں میں جنگجوﺅں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے ایس او جی نے مذکورہ علاقہ میں
گذشتہ رات تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی ایک تلاشی پارٹی جوں ہی مشتبہ جگہ کے نزدیک پہنچی تو وہاں موجود جنگجوﺅں نے اپنی بندوقوں کے دھانے کھول دیے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ کے بعد طرفین کے مابین مسلح تصادم شروع ہوا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ علاقہ میں تصادم جاری ہے۔ اس دوران ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ مسلح تصادم میں دو جنگجوﺅں کو ہلاک کیا گیا ہے جن کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔ دریں اثنا انتظامیہ نے ضلع بڈگام میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کردی ہیں۔