لاہور، 20 جنوری (یو این آئی) پاکستانی شہر لاہور کے مشہوربازار انارکلی میں بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 22 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے لاہور پولیس کے جاری کردہ بیان میں ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت سلنڈر دھماکہ بتائی گئی تاہم بعد میں لاہور پولیس کے ترجمان رانا عارف نے تصدیق کی کہ بم ایک بائیک میں نصب کیا گیا تھا۔دھماکے کے نتیجے میں آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ موٹر سائیکلز میں آگ لگ گئی۔دھماکے کی وجہ سے زخمی ہونے والے دو افراد کی شناخت ہو گئی جن میں 30 سالہ عدنان اور 40 سالہ جمیل شامل ہیں۔
ڈان نیوز کے مطابق
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی اور انہیں قریبی واقع میو ہسپتال منتقل کیا۔میو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) نے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے احکامات جاری کیے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی دیں۔
اسکے علاوہ دھماکے کے اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیضان احمد میو ہسپتال پہنچ گئے۔ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے سول ڈیفنس افسر کو انار کلی میں بم ڈسپوزل اسکواڈ تعینات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ انار کلی بازار کی مکمل سویپنگ کی جائے۔