نئی دہلی، 3 جنوری (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ترقی کے تصور کو بدل کر رکھ دیا ہے اور اس کی وجہ سے سب سے زیادہ نقصان اتراکھنڈ کو ہوا ہے۔
کانگریس کے اتراکھنڈ کے انچارج دیوندر یادو، انتخابی مہم کمیٹی کے سربراہ ہریش راوت، ریاستی صدر گنیش گوڈیال، اپوزیشن لیڈر پریتم سنگھ، سابق وزیر یشپال آریہ اور ریاست کے کئی سینئر لیڈروں نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں مذکورہ باتیں کہیں۔انہوں نے کہا کہ اتراکھنڈ میں بی جے پی کی ڈبل انجن والی حکومت کا ماڈل ناکام ہو گیا ہے، اس لیے وہاں پانچ برسوں میں تین وزرائے اعلیٰ کو تبدیل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال میں تین وزرائے اعلیٰ بدلے گئے
اوراب تیسرے وزیر اعلیٰ کو بھی تبدیل کرنے کی کوششیں جاری ہیں لیکن یہ قدم اس خوف سے نہیں اٹھایا گیا کہ کانگریس اسے بڑا ایشو بنادے گی۔
ریاستی کانگریس کے رہنماؤں نے اس موقع پر انتخابی مہم کے لیے ایک گانا بھی جاری کیا، جس کی پنچ لائن ’’ 'تین تگڑا کاما بگڑا‘‘ ہے۔بی جے پی حکومت نے آنے والے کل کا پورا نظام خراب کر دیا ہے اور عوام صرف کانگریس کو پسند کرتے ہیں، اس لیے ریاست میں بی جے پی کا خاتمہ یقینی ہے۔
ریاستی کانگریس کے صدر گنیش گوڈیال نے کہا کہ تین دنوں میں تین لیڈر کانگریس میں شامل ہوئے ہیں، جن میں عام آدمی پارٹی کے ورکنگ صدر اننت چوہان، اترکاشی ضلع پنچایت کے صدر دیپک بیجلوان اور پورولا سے بی جے پی کے سابق ایم ایل اے مالچند شامل ہیں۔