نئی دہلی ،22اکتوبر (ایجنسی)بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی )نے مرکزی تفتیشی بیور(سی بی آئی)کے اعلی افسران کے درمیان رسہ کشی اور خصوصی ڈائریکٹر کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کے معاملہ میں آج خاموشی اختیار کرلی اور کہاکہ حکومت اس معاملہ میں جلد ہی اپنا ردعمل ظاہر کرے گی۔
بی جےپی کی ترجمان میناکشی لیکھی نے یہاں پریس کانفرنس میں سی بی آئی کے معاملہ میں ایک سوال کے جواب میں کہاکہ اس بارے میں دوطرح کی رپورٹیں آرہی ہیں۔خصوصی ڈائریکٹر کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے جبکہ خصوصی ڈائریکٹر نے ڈائریکٹر پر الزامات عائد کئے ہیں ۔انھوں نے کہاکہ یہ بہت ضروری ہے کہ عوام کا
اعتماد سی بی آئی اور دیگر اداروں پر برقراررہے ۔
محترمہ لیکھی نے کہاکہ اس سلسلہ میں حکومت جلد ہی اپنا موقف رکھے گی ۔بعد میں پارٹی بھی اپنی بات رکھے گی ۔
کانگریس صدر راہل گاندھی نے اس معاملہ پر وزیراعظم نریندرمودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گودھرا معاملہ کی جانچ کرنے والی ایس آئی ٹی میں رکن رہے اور اس وقت سی بی آئی میں نمبر دوکی حیثیت رکھنے والے گجرات کیڈر کے افسر مسٹر راکیش استھانہ شروع سے ہی وزیراعظم کے چہیتے ہیں اور بدعنوانی میں پکڑے گئے ہیں ۔مسٹر مودی کے دورحکومت میں سی بی آئی سیاسی انتقامی کارروائی کا آلہ کار بن گئی ہے ۔داخلی لڑائی کی وجہ سے ادارے کی ساکھ گرتی جارہی ہے ۔