بھوپال،11مارچ (یو این آئی)سابق مرکزی وزیر اور سینئر کانگریس لیڈر، ارون یادو نے آج کہا کہ ان کی پارٹی بی جے پی کے منصوبے پورا نہیں ہو نے دے گی۔
مسٹر یادو نے میڈیا کو بتایا کہ اس ریاست کے لئے عوام نے ہمیں منتخب کیا ہے۔ہم بی جے پی کو ان کے منصوبے میں کامیاب نہیں ہو نے دیں گے۔انھوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومت ایوان میں اپنی اکثریت بھی ثابت کر دے گی۔
اس کے علاوہ مسٹر یادو کے چھوٹے بھائی اور ریاستی حکومت میں وزیر زراعت سچن یادو نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ سندھیا حامی جو ارکان اسمبلی بنگلورو میں ہیں،ان میں سے اکثر بی جے پی میں نہیں جانا چاہتے۔ان
ممبران کا کانگریس لیڈروں سے رابطہ ہو گیا ہے۔
اس سے قبل کانگریس کے 80 سے زیادہ ارکان اسمبلی کو دن میں تقریباًبارہ بجے بذریعہ جہاز جے پور بھیجا گیا۔بتایا گیا ہے کہ ان ممبران کو ایک ساتھ محفوظ مقام پر رکھا جائے گا۔کانگریسی ذرائع کا کہنا ہے کہ باقی سینئر لیڈران اور وزرا کو یہیں رک کر کام کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔یہ سبھی ایم ایل اے اور وزرا،وزیر اعلیٰ کمل ناتھ اور سابق وزیر اعلیٰ دگوجے سنگھ کے رابطہ میں ہیں اور ڈیمج کنٹرول میں مصروف ہیں۔
بی جے پی کے سبھی ارکان اسمبلی کو گذشتہ شب میں ہی یہاں سے دہلی لے جایا گیا ہے۔وہ دہلی کےقریب کسی بڑے ہوٹل میں قیام پذیر ہیں۔