نئی دہلی، 14 دسمبر (یو این آئی) سابق کانگریس صدر راہل گاندھی نے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل میں فیس بک سے متعلق شائع ہونے والی ایک خبر کے حوالے سے کہا ہے کہ ایک بار پھر یہ ثابت ہوگیا ہے کہ ہندوستان میں فیس بک آزاد نہیں ہے بلکہ وہ بی جے پی آر ایس اے ایس کے دباؤ میں کام کرتا ہے مسٹر راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ" ایک بار پھر یہ ثابت ہوگیا ہے کہ ہندوستان میں فیس بک پر بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کا کنٹرول ہے"۔
کانگریس کے لیڈر نے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل میں شائع ہونے والی خبر کے حوالے سے ایک ٹی وی نیوز کی ویڈیو بھی پوسٹ کی ہے جس میں کہا
گیا ہے کہ فیس بک اپنے کاروبار بلا تعطل جاری رکھنے اور اپنے دفاتر نیز ملازمین کی سلامتی کو دیکھتے ہوئے بجرنگ دل کے کارکنوں کی اشتعال انگیز ویڈیو پر کوئی کارروائی نہیں کی۔
اس رپورٹ میں یہ بھی دعوی کیا گیا ہے کہ کارروائی کرنے پر حکمران بی جے پی کے ساتھ فیس بک کے تعلقات خراب ہونے کا خدشہ تھا، اسلیے اس نے بجرنگ دل کی اشتعال انگیز ویڈیو کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ اخبار نے لکھا ہے کہ اگر فیس بک نے بجرنگ دل کے کارکنوں کے خلاف کارروائی کی ہوتی تو اس کمپنی کو اپنے کام کاج جاری رکھنے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا اور ساتھ ہی اس کے ملازمین اور دفاتر کو بھی خطرہ لاحق ہوسکتا تھا۔