نئی دہلی، یکم فروری (ایجنسی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر امت شاہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے آخری اور عبوری بجٹ میں کسانوں، متوسط طبقہ ، خانہ بدوش قبائل، غیر منظم سیکٹر کے کارکنوں کو دی گئی راحت اور سیکورٹی، شمال مشرقی علاقے کی ترقی کے لئے الاٹمنٹ میں اضافہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ اس سے پھر ثابت ہو گیا ہے کہ مودی حکومت غریبوں ، کسانوں اور نوجوانوں کے خوابوں اور ان کے عزائم کے لیے وقف ہے۔ شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ آج کے بجٹ نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ مودی حکومت ملک کے غریبوں،کسانوں اور نوجوانوں کے خواب اور عزائم کیلئے وقف ہے۔ انہوں نے اسے مکمل بجٹ بتاتے ہوئے اس کے لئے وزیر اعظم اور ان کی حکومت کو مبارکباد دی۔
بی جے پی صدر نے کہا کہ دو ہیکٹر سے کم زمین والے غریب کسانوں کے لئے " پردھان منتری کسان سمان یوجنا"ایک تاریخی پہل ہے جس کے تحت ملک کے تقریباً 12 کروڑ کسانوں کو مودی حکومت کی طرف سے 75000 کروڑ روپے کے بجٹ سے سالانہ 6000 روپے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کسان کی آمدنی دو گنا کرنے کی کوشش میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گئو ماتا کی سناتن ثقافت اور ہندوستان سے اٹوٹ رشتہ ہے۔ مودی حکومت کی طرف سے 750 کروڑ روپے سے "راشٹریہ گئو کل مشن" اور اس کے تحفظ اور فروغ کے لئے "راشٹریہ کام دھینو آیوگ" ایک بے مثال قدم ہے۔