نئی دہلی، 21فروری (ایجنسی) کانگریس نے پلوامہ حملے پر وزیراعظم نریندرمودی کو نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ دہشت گردی پر سیاست کررہے ہیں اور انہوں نے فوجیوں اور ان کی شہادت کی توہین کی ہے۔
کانگریس کے محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے جمعرات کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک جب پلوامہ میں چالیس جوانوں کے شہید ہونے پر غمزدہ تھا، اس وقت مسٹر
مودی اتراکھنڈ میں رام نگر کے نیشنل کاربٹ پارک میں کشتی پر بیٹھ کر ایک چینل کے لئے شوٹنگ کرکے اپنی تشہیر میں مصروف تھے۔ انہوں نے کہاکہ یہ خبراخبارات میں آئی ہے اور کسی وزیراعظم کا اس طرح غیرانسانی اور شرمناک رویہ انہوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہاکہ کانگریس پلوامہ میں 14فروری کو حملے کے بعد سات دن تک اس کے غم میں ڈوبی رہی لیکن وزیراعظم اس پر سیاست کرتے رہے اور اقتدار کی بھوک میں سرکاری اخراجات پرافتتاحی تقریب اور دیگر تقاریب میں شامل ہوتے رہے۔