لکھنو:21مئی(یواین آئی)سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو نے آج کہا کہ کورونا وبا اور بلیک فنگس کے دہشت کے درمیان بھی بی جے پی حکومت سچ کو پوری طرح ناکارنے، عوام میں خوف پیدا کرنے اور جھوٹی تعریف کا کوئی موقع گنوانا نہیں چاہتی ہے وزیر اعظم نریندر مودی'جہاں بیمار وہیں اپچار(علاج)'کا نیا نعرہ لے کر آگئے ہیں۔ سات سال میں بہت کام ہونے کا خوش کن میڈل بھی انہوں نے خود اپنے نام کرلیا ہے۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ کی مجبوری ہاں میں ہاں ملانے کی ہے۔ شہر سے گاوں تک پوری ریاست میں طبی سہولت کا برا حال کرنے کے بعد بھی مبارک بادی کا تبادلہ چلتا رہتا ہے۔ بی جے پی کی
سوچی سمجھی سازش کے تحت ایسا کیا جارہا ہے تاکہ عوام گمرہی میں مبتلا رہیں اور بغیر علاج ہونے والی اموات پر پردہ پڑسکے۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر یوگی کی مانیں تو اعداد و زبانی دعوں کے ساتھ ریاست میں کورونا انفکشن، بلیک فنگس اور ٹیکہ کاری سبھی علاقے میں کنٹرول ہوچکا ہے جبکہ شہروں کے ساتھ دیہی علاقوں میں بھی طبی خدمات پر بدانتظامی کا تالا پڑا ہوا ہے۔ دوا، علاج کے لئے ہاہاکار مچا ہوا ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے بھی مان لیا ہے کہ مہاراشٹرا اور راجستھان جیسی ریاستوں سے بھی کوروناٹیکہ کاری میں اترپردیش کافی پیچھے ہے۔کاغذوں پر علاج،زمین پر بے علاج یہی ریاست کی نیت ہوگئی ہے۔