نئی دہلی، 22 اپریل (یو این آئی) دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے تمام ایم ایل ایز سے بی جے پی کے لوگوں کی طرف سے کی جا رہی جبراً وصولی کے خلاف دہلی کے لوگوں کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے مسٹرسسودیا نے آج اپنے تمام ایم ایل ایز کو خط لکھ کر بی جے پی کے لوگوں کی طرف سے کی جا رہی جبراً وصولی کے خلاف دہلی کے لوگوں کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بی جے پی کی بلڈوزر سیاست کے پیچھے اصل وجہ رقم کی وصولی ہے۔ بی جے پی کے لوگ گھروں اور دکانوں پر جا کر لوگوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں کہ اگر اتنے پیسے نہیں دیں گے تو آپ کے گھر پر بلڈوزر چلا دیں گے۔ کارپوریشن سے جاتے جاتے بی جے پی نےطے کیا ہے کہ جتنا پیسہ کمایا جا سکتا ہے، کما لیں۔انہوں نے کہا کہ میں
نے اپنے تمام ایم ایل ایز کو بی جے پی کی اس غنڈہ گردی کے خلاف کھڑےرہنے کو کہا ہے۔
وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ٹویٹ کر کے کہا کہ’’ پوری دہلی سے اس طرح کی متعدد شکایتیں آرہی ہیں۔ دہلی کے لوگ کھلے عام اس قسم کی وصولی اور غنڈہ گردی کو برداشت نہیں کریں گے۔ کیا اسی وجہ سے ایم سی ڈی انتخابات کو ملتوی کیا ہے؟‘‘
مسٹر سسودیا نے خط میں کہا ہے کہ ہمیں بہت سے لوگوں کی طرف سے شکایتیں موصول ہو رہی ہیں کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لوگ اب دہلی میں گھروں اور دکانوں پر جا کرعام لوگوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں کہ اگر اتنے پیسے نہیں دیں گے تو آپ کے گھر پر بھی بلڈوزر چلوا دیں گے۔ میرے اسمبلی حلقہ پٹپڑگنج کی سوسائٹیز اور کالونیوں سے لوگوں نے آکر اس کی شکایتیں کی ہیں۔