بنگلور/نئی دہلی(ایجنسی)مرکزی وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اننت کمار کا آج بنگلور کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں انتقال ہوگیا۔وہ59سال کے تھے۔اننت کمار کینسر سے متاثر تھے۔طبیعت بگڑنے پر انہیں بنگلور کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیاتھا جہاں کچھ دنوں سے انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔اتوار کی شب ایک بجکر 50منٹ پر انہوں نے آخری سانس لی۔
ان کے کنبہ میں
بیوی اور دو بیٹیاں ہیں۔مسٹر کمار مرکزی حکومت میں پارلیمانی امور اور کیمیکل و فرٹیلائزر کے وزیر تھے۔مسٹرکمار کے جسد خاکی کو صبح نو بجے سے نیشنل کالج گراؤنڈ میں رکھا گیاہے،جہاں لوگ انہیں خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔مرکزی حکومت نے مسٹر کمار کے سوگ میں سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم کو جھکانے کا حکم دیا ہے۔مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں آج مسٹر کمار کو خراج عقیدت پیش کی جائے گی۔حکومت کرناٹک نے تین دن کے سرکاری سوگ اور آج(پیر)ریاست میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔اننت کمار کی موت پر صدر رام ناتھ کووند ،وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس صدر راہل گاندھی سمیت مختکف سیاسی پارٹی کے لیڈروں نے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔