نئی دہلی، 31 اگست (ایجنسی) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے جی ڈی پی کی رفتار سوا چھ سال کے کمترین سطح پرآجانےپر نریندر مودی حکومت پر ہفتہ کو شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اچھے دن کا بھونپو بجانے والی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی حکومت نے معیشت کی حالت پنکچر کر دی ہے۔
مسز واڈرا نے جمعہ کو رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (اپریل-جون 2019) کے جاری اعداد و شمار پر ٹوئٹ کیا’’جی ڈی پی کی شرح سے صاف ہے کہ اچھے دن کا بھونپو بجانے والی بی جے پی حکومت نے معیشت کی حالت پنکچر کر دی ہے ‘‘۔
قابل غور ہے کہ جی ڈی پی اعداد میں ترقی کی شرح سوا چھ سال کے کمترین سطح پانچ فیصد پر آ گئی ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ نہ جی ڈی پی گروتھ ہے نہ روپے کی مضبوطی۔ روزگار غائب ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے حکومت پر طنز کیا کہ
اب تو صاف کرو کہ معیشت کو تباہ کر نے کی یہ کس کی کرتوت ہے۔
مرکزی شماریات کے دفتر کی جانب سے جمعہ کو جاری اعداد و شمار کے مطابق مینوفیکچرنگ، زراعت اور کانکنی کے شعبے میں سستی کی وجہ سے ملک کی جی ڈی پی کی ترقی کی شرح مسلسل پانچویں سہ ماہی میں گھٹتے ہوئے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پانچ فیصد رہ گئی جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ترقی کی شرح آٹھ فیصد رہی تھی۔
یہ مالی سال 2012-13 کی چوتھی سہ ماہی کے بعد جی ڈی پی میں سب سے کمزور اضافہ ہے۔ سال 2012-13 کی آخری سہ ماہی میں ترقی کی شرح 4.3 فیصد رہی تھی. مالی سال 2017-18 کی آخری سہ ماہی (8.1 فیصد) کے بعد سے ترقی کی شرح میں مسلسل گراوٹ درج کی گئی ہے۔ گزشتہ مالی سال کی پہلی، دوسری، تیسری اور چوتھی سہ ماہی میں جی ڈی پی بالترتیب آٹھ فیصد، سات فیصد، 6.6 فیصد اور 5.8 فیصد کی رفتار سے بڑھی تھی۔