حاجی پور 07 جون ( یواین آئی ) مرکزی سڑک ٹرانسپورٹ اور ہائیویز کے وزیر نتین گڈکری نے بہار کی عوام کو آج یقین دلایا کہ ریاست میں سال 2024 سے قبل امریکہ کی طرح سڑکوں کا نیٹ ورک ہوگا۔
مسٹر گڈکری نے منگل کو یہاں مہاتما گاندھی سیتو کے مشرقی لین کا افتتاح کرنے کے ساتھ ہی بہا رمیں 13585 کروڑ روپے کی 15 قومی شاہراہ منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ جو کہتے ہیں ، وہی کرتے ہیں۔ وہ کبھی جھوٹ نہیں بولتے ہیں اور جو کچھ بھی بولتے ہیں اسے حقیقت میں بدل دیتے ہیں ۔ انہوں
نے کہاکہ ایک بار سڑک نیٹ ورک پورا ہوجانے کے بعد بہار کی ترقی اپنے آپ ہو جائے گی ۔
مرکزی وزیر نے بتایاکہ امریکہ کے سابق صدر جان ایف کینڈی نے کہاتھا ، ” امریکہ اس لئے امیر ہے کیونکہ وہاں کی سڑکیں اچھی ہیں“۔
انہوں نے مسٹر کنیڈی کے اس بیان کو اپنی وزارت کا اصول بنا لیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اچھی سڑکیں بہار کی ہمہ جہت ترقی کے ساتھ ہی اسے خوشحال بنائے گی ۔ ایک مرتبہ سڑک منصوبوں کے مکمل ہوجانے کے بعد ریاست میں صنعتکاری کا راستہ بھی کھل جائے گا اور یہاں کے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع کی بھی پیدا ہوںگے ۔