نئی دہلی،30 دسمبر(یواین آئی) کورونا کے دور میں بہار کے لوگوں کو وقت پر راحت پہنچانے کےلئے ریاست کو اس سال کے ڈیجیٹل انڈیا ایوارڈ سے نوازا گیا صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے بدھ کو یہاں بہار کو ڈیجیٹل ایوارڈ 2020 سے نوازا۔ مواصلات اور انفورمیشن ٹیکنولوجی کے وزیر روی شنکر پرساد کی موجودگی میں بہار کے وزیراعلی کے پرنسیپل سکریٹری چنچل کمار،آفات انتظامیہ محکمے کے پرنسیپل سکریٹری پرتیے امرت، آفات انتظامیہ محکمے کے اڈیشنل سکریٹری رام چندر ڈو اور قومی اطلاعاتی مرکز(این آئی سی) کے افسر شیلیش کمار شریواستو اور نیرج کمار تیواری نے بہار حکومت کی جانب سے یہ
اعزاز حاصل کیا۔لاکھ ڈاؤن کے دوران ریاست کے لوگوں کو مختلف قسم کی مددت مہیا کرانے کےلئے بہار کی انوکھی پہل کو مرکزی حکومت نے سراہا ہے۔
کورونا کے دور میں وزیراعلی سکریٹیریٹ ،آفات انتظامیہ محکمے اور این آئی سی کو ان کے بہترین کاموں کےلئے ’مہاماری میں نواچار‘ زمرے میں فاتح منتخب کیا گیا ہے۔ بہار حکومت کے ’آپدا سمپورتی پورٹل‘ کو وبا میں انوکھی پہل،شہریوں کی سہولت کےلئے ایک بہترین ،انوکھا ڈیجیٹل حل تیار کرنے اور مشکل حالات میں بھی عوامی خدمات کو جاری رکھنے کےلئے کانسے کے انعام سے نوازا گیا ہے۔ اس پورٹل کو این آئی سی کی تکنیکی دیکھ ریکھ میں تیار کیا گیا ہے۔