دھمتری/22جون(ایجنسی) چھتیس گڑھ کے دھمتری ضلع کے کرود میں شہدکی مکھیوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے دفتر میں میٹنگ ہونے سے پہلے ہی پنچایتی امور کے وزیر اجے چندراکر، ان کے محافظ او رتقریباً نصف درجن کارکنوں پر حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق شہدکی مکھیوں کے حملے کے بعد مسٹر چندراکر میٹنگ کوچھوڑ کر چلے گئے اور کل شام کے دیگر پروگراموں کو بھی منسوخ کردیا۔
رائے پور میں ان کا علاج کیا گیا اور ان کی حالت پہلے سے بہتر بتائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کل دوپہر بعد بی جے پی دفتر میں میٹنگ منعقد کی گئی تھی۔ میٹنگ شروع ہونے سے قبل پوجا کے لئے اگربتیاں جلائی گئیں جس کے دھویں سے وہاں چھت پر موجود شہد کی مکھیاں پریشان ہوگئیں اور انہوں نے لوگوں پر حملہ کردیا۔ مکھیوں نے مسٹر چندرا کر ، ان کے باڈی گارڈ اور نصف درجن بی جے پی کارکنوں کو اپنے غصے کا نشانہ بنایا۔