بیجاپور، 12 فروری (یو این آئی) چھتیس گڑھ کے ضلع بیجاپور میں آج صبح تلاشی پر نکلے جوانوں پر نکسلیوں نے حملہ کردیا۔ اس حملے میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اسسٹنٹ کمانڈنٹ ایس بی ٹرکی شہید اور ایک اور جوان زخمی ہوگیا۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ کملوچن کشیپ نے بتایا کہ بسگوڈا تھانہ علاقے میں تعینات سی آر پی ایف 168 بٹالین کے اہلکار صبح تلاشی آپریشن کے لیے اسور بلاک کے تیما پور کے لیے روانہ ہوئے تھے جہاںنکسلیوں نے پٹکل کے جنگلات میں ان پرحملہ
کیا۔ اس دوران پولیس اور نکسلیوں کے درمیان زبردست تصادم ہوا۔ فائرنگ میں سی آر پی ایف 168 بٹالین کے اسسٹنٹ کمانڈنٹ ایس بی ٹرکی شہید ہوگئے۔
تصادم میں ایک اور جوان بھی زخمی ہوا، جسے علاج کے لیے بیجاپور ضلع اسپتال لایا گیا ہے۔ شہید اسسٹنٹ کمانڈنٹ ایس بی ٹرکی کا تعلق جھارکھنڈ سے ہے۔
ایس پی کشیپ نے کہا کہ انکاؤنٹر میں نکسلیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ یہ جگہ پر نظر آنے والے خون کے دھبوں سے ظاہر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں سرچ آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔