نئی دہلی، 6 مئی (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ آروگیہ سیتو ایپ میں ہمارا ڈیٹا محفوظ نہیں ہے اور اس میں ہماری پرائیویسی کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
کانگریسی مواصلات محکمہ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجیوالا نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس میں سوالات کے جواب میں کہا کہ اس ایپ کے سلسلے میں جو انکشاف ہوا ہے اس سے صاف ہو گیا ہے کہ اس میں ہماری پرائیویسی محفوظ نہیں ہے اور پرائیویسی کے بنیادی حقوق کی یہ سنگین خلاف ورزی ہے۔ اس کو لے کر ایک ہیکر نے بتایا کہ اس میں پرائیویسی محفوظ نہیں ہے اور ملک کی کمپیوٹر
رسپانس ٹیم نے اس سے جو معلومات مانگی تھی اس نے ان کا جواب دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایپ 24 گھنٹے ہماری سرگرمیوں پر ایک جاسوس کی طرح نظر رکھتا ہے۔ اس کو تیار سرکاری شعبے کی نہیں بلکہ نجی شعبے کی کمپنی نے کیا ہے۔ گوآئی بی بو اور میک مائی ٹرپس نے حکومت ہند کے لئے اس ایپ کو تیار کیا ہے اور سب کو معلوم ہے کہ ان دونوں کمپنیوں میں 40 فیصد ملکیت چین کی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اس ایپ میں جو ڈیٹا پہنچ رہا ہے وہ کہاں جا رہا ہے اس کی کسی کو معلومات نہیں ہے اور حکومت ہند بھی اس بارے میں کچھ بتانے کو تیار نہیں ہے۔