ممبئی: 7 نومبر (یو این آئی)گزشتہ تین دنوں سے رہائی کی آس لگائے ریپبلک ٹی وی کے چیف ایڈیٹر ، ارنب گوسوامی اور دیگر دو ملزمان کو آج اس وقت سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب ممبئی ہائی کورٹ نے لگاتار تین دنوں کی مسلسل سماعت کے بعد ، درخواست دہندگان کو عبوری راحت کے سلسلے میں فوری فیصلہ دینے سے انکار کرتے ہوئے اپنا فیصلہ محفوظ رکھا۔ تاہم عدالت نے کہا کہ اس دوران اگر ملزمین ضمانت کے لیے نچلی سیشن عدالت سے رجوع ہونا چاہتے ہیں تو کوئی روکاوٹ نہیں رہے گی۔ اور اگر اس طرح کی درخواست دائر ہوتی ہے تو اس کا فیصلہ 4 دن کے اندر ہونا چاہئے۔
آج عدالت میں 6 گھنٹوں کی مسلسل اور تیز رفتار سماعت کے دوران ، ارنب گو سوامی کے وکلاء عدالت سے بار بار یہ استدعا کرتے رہےکہ انکے موکل کو فوری عبوری راحت دی جائے، تاہم جسٹس ایس ایس شنڈے اور ایم ایس کارنک کے
ڈویژن بینچ نے عبوری راحت کے لئے فوری حکم منظور کرنے سے انکار کردیا۔ اور اپنا فیصلہ محفوظ رکھا۔ تاہم عدالت نے اس ضمن میں یقین دلایا کہ عدالت جلد از جلد فیصلہ سنائے گی۔
ملزم ارنب گو سوامی کے وکیل ہریش سالوے کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ، جسٹس شندے نے کہا کہ "ہم آج آرڈر پاس نہیں کرسکتے۔اس وقت چھ بج چکے ہیں۔ اس موقع پر ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ درخواست گزار کو ضمانت کے لئے سیشن عدالت سے رجوع کرنے پر پابندی نہیں لگائے گی ہے اور اگر اس طرح کی درخواست دائر ہوتی ہے تو اس کا فیصلہ 4 دن کے اندر ہونا چاہئے۔ "
جب سالوے نے اپنے اصرار کو دہراتے ہوئے کہا کہ عبوری راحت دی جائے تو ، جسٹس شنڈے نے اشارہ کیا کہ عدالت احکامات محفوظ رکھے گی اور آنے والے ہفتے میں کسی دن ان کا فیصلہ سنائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عدالت اس حکم کا جلد از جلد فیصلہ سنائے گی۔