پٹنہ 09 اپریل ( یواین آئی ) ملک میں کورونا کی دوسری لہر کے درمیان بہار میں انفیکشن کے تیزی سے بڑھ رہے معاملوں کو دیکھتے ہوئے حکومت نے 30 اپریل تک ریاست میں جزوی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ لیا ہے ۔
وزیراعلیٰ نتیش کمار نے جمعہ کو یہاں ’ سنواد‘ میں کورونا سے متعلق جائزہ کیلئے اعلیٰ سطحی میٹنگ کرنے کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں کہاکہ ریاست میں کورونا کے معاملے تیزی سے بڑھ رہے ہیں ۔ اس کی روک تھام کیلئے 30 اپریل تک جزوی پابندی لگانے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔ اس کے تحت ریاست کے سبھی اسکول اور کالج 18 اپریل تک بند رہیںگے لیکن اس دوران قبل میں مقررہ امتحانات
پروگرام کے مطابق ہی ہوںگے ۔ حالانکہ اس میں کووڈ سے تحفظ کے رہنماءاصول پر سختی سے عمل کرایاجائے گا۔ اس سے قبل 05 سے 11 اپریل تک اسکول ۔ کالج کو بند رکھا گیا تھا۔
اجلاس میں لئے گئے دیگر فیصلوں کے بارے میں صحت محکمہ کے پرنسپل سکریٹری پرتیہ امرت نے تفصیل سے جانکاری دیتے ہوئے کہاکہ ریاست میں 30 اپریل تک سبھی دکان اور ادارے شام سات بجے کے بعد بند رہیںگے ۔ حالانکہ ریسٹورینٹ ، ڈھابا اور ہوٹل شام سات بجے کے بعد بھی کھلے رہیںگے لیکن وہاں کل صلاحیت کے 25 فیصد لوگوں کو ہی بیٹھنے کی اجازت ہوگی ۔ اسی طرح سنیما گھروں میں بھی اس کی کل صلاحیت کے 50 فیصد شائقین ہی بیٹھ پائیںگے ۔