نئی دہلی ، 2 جون (یو این آئی) مرکزی حکومت نے پائیدار شہری ترقی کے شعبہ میں جاپان اور مالدیپ کے ساتھ تعاون کے لئے دو الگ الگ مفاہمت ناموں کو منظوری دے دی ہے۔
بدھ کو یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرصدارت مرکزی کابینہ کے اجلاس میں اس سلسلے میں دو الگ الگ تجویزوں کو منظور کیا گیا۔
مالدیپ کے ساتھ مفاہمت نامہ کے تحت شہری ترقیاتی تعاون سے متعلق پروگراموں کی حکمت عملی بنانے اور ان پر عمل درآمد کے لئے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کیا جائے گا۔ مشترکہ ورکنگ گروپ سال میں ایک مرتبہ مالدیپ اور ہندوستان میں باری باری
ملاقات کرے گا۔ مفاہمت نامہ دونوں ممالک کے مابین پائیدار شہری ترقی کے شعبہ میں مضبوط ، گہری اور طویل مدتی باہمی تعاون کو فروغ دے گا۔
جاپان کے ساتھ معاہدے کے تحت باہمی تعاون سے متعلق پروگراموں کی حکمت عملی بنانے اور ان پر عمل درآمد کے لئے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کیا جائے گا۔ مشترکہ ورکنگ گروپ سال میں ایک مرتبہ ملاقات کرے گا۔ یہ ملاقات جاپان اور ہندوستان میں باری باری ہوگی۔ یہ معاہدہ دستخط کرنے کی تاریخ سے موثر ہوگا اور پانچ سال تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد اسے ایک بار میں مسلسل پانچ سال کی مدت کے لئے تجدید کیا جاسکتا ہے۔