نتیجہ جاری ہونے کے 48 گھنٹوں کے اندر دی جان
آندھرا، 29 اپریل (ذرائع) آندھرا پردیش میں نو اسکولی طلبہ کی خودکشی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ آندھرا پردیش بورڈ کے نتائج جاری ہونے کے 48 گھنٹوں کے اندر اسکولی طالبات کی خودکشی کے یہ واقعات منظر عام پر آئے ہیں۔ ایسے میں مانا جا رہا ہے کہ امتحان میں ناکامی کے ڈر سے اسکولی طلباء نے یہ جان لیوا قدم اٹھایا ہے۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ آندھرا پردیش بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے 11ویں اور 12ویں کے نتائج چہارشنبہ کو جاری ہو گئے ہیں۔ اس سال آندھرا پردیش بورڈ کے امتحانات میں تقریباً 10 لاکھ طلبہ نے شرکت کی اور 11ویں جماعت کے طلبہ کا پاس
فیصد 61 فیصد رہا، جب کہ 12ویں جماعت کے طلبہ کے پاس ہونے کا تناسب 72 فیصد رہا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سریکاکولم ضلع میں 17 سالہ لڑکے بی ترون نے ٹرین کے سامنے کود کر خودکشی کرلی۔ ترون انٹرمیڈیٹ کے پہلے سال کا طالب علم تھا اور چہارشنبہ کو جاری ہوئے نتائج میں ناکام ہوگیا تھا۔ اسی دوران وشاکھاپٹنم ضلع کے ملکاپورم علاقے میں رہنے والی ایک 16 سالہ لڑکی نے بھی خودکشی کرلی۔ وہ انٹرمیڈیٹ کے پہلے سال میں بھی فیل ہوگئی۔ وشاکھاپٹنم ضلع کے کنچراپالیم علاقے میں ایک 18 سالہ نوجوان نے بھی امتحان میں ناکام ہونے پر خودکشی کر لی۔ ریاست کے مختلف علاقوں سے اس طرح کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں-