سری نگر، 8 جون (یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے پنجورہ نامی علاقے میں پیر کی صبح ہونے والے ایک مسلح تصادم میں چار جنگجو مارے گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں سیکورٹی فورسز کے تین اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں جن کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
جموں وکشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع شوپیاں کے پنجورہ میں پیر کی صبح چھڑنے والے مسلح تصادم میں چار جنگجو مارے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک جنگجوئوں کی شناخت معلوم کی جارہی ہیں۔
کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے کہا کہ ضلع شوپیاں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں سے بھی کم عرصہ میں نو جنگجو مارے گئے ہیں جن میں دو کمانڈر بھی شامل ہیں۔
پولیس کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر موصوف آئی جی کے حوالے سے کہا گیا : 'چوبیس گھنٹوں سے بھی کم عرصہ میں دو کمانڈروں سمیت نو دہشت گرد مارے گئے۔ جموں وکشمیر پولیس اور سیکورٹی فورسز پر مشتمل ٹیم پر فخر ہے'۔
سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے ایک ترجمان نے بھی پنجورہ شوپیاں میں چار جنگجوئوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ تلاشی آپریشن کے بعد چھڑنے والے مسلح تصادم کے دوران سیکورٹی فورسز کا کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا
ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے پنجورہ نامی علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں وکشمیر پولیس، فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ میں پیر کی علی الصبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کی ایک پارٹی مشتبہ جگہ کے نزدیک پہنچی تو وہاں موجود جنگجوئوں نے اس پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر مسلح تصادم چھڑ گیا جو چار جنگجوئوں کی ہلاکت پر ختم ہوگیا۔ تصادم کے دوران ایک رہائشی مکان تباہ ہوگیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک جنگجوئوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد کیا گیا ہے اور علاقہ میں کسی بھی طرح کے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات رکھی گئی ہے۔
جنوبی کشمیر کے ڈی آئی جی پولیس اتل کمار نے مسلح تصادم کی جگہ پر نامہ نگاروں کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا: 'خفیہ اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے گذشتہ رات قریب دو بجے یہاں ایک مکان کو محاصرے میں لیا۔ وہاں سے فائرنگ ہوئی اور جوابی کارروائی میں چار جنگجو مارے گئے۔ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے'۔