نئی دہلی/13اگست(ایجنسی) جواہرلال نہرو یونیورسٹی کے طالب علم عمر خالد پر دلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب کے باہر حملہ کیا گیا۔ نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق، خالد پر کسی نامعلوم شخص نے گولی چلائی۔ تاہم وہ بال بال بچ گئے۔ موقع پر پہنچی پولیس نے عمر خالد کو سیکورٹی میں لے لیا ہے۔
دلی کے جوائنٹ پولیس کمشنر اجے چودھری نے اس واقعہ کی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ عمر خالد اپنے دوستوں کے ساتھ ایک اسٹال پر چائے پی رہا تھا۔ تبھی ایک شخص نے خالد پر پیچھے سے حملہ کر دیا جس سے وہ نیچے گر گیا۔ وہ محفوظ ہیں۔ ہم حملہ کی جانچ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کو اس پروگرام کی اطلاع نہیں دی گئی تھی۔
واضح ہو کہ عمر خالد "یونائٹیڈ اگینسٹ ہیٹ" کے ذریعہ منعقد پروگرام " خوف سے آزادی" میں شامل ہونے گئے تھے۔ تاہم پروگرام سے پہلے ہی خالد عمر پر کسی نے فائرنگ کر دی۔ جائے حادثہ سے پستول برآمد کر لی گئی ہے۔ حالانکہ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہو گیا۔