نئی دہلی، 05 اگست (یو این آئی) افغانستان میں بگڑتے سلامتی نقطہ نظر سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان نے تمام فریق سے اپیل کی ہے کہ ملک میں فوارً جنگ بندی ہو اور افغانستان کے عوام کی جانب سے ان کے کنٹرول میں چلنے والے عمل کے تحت پر امن حل نکالا جائے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے یہاں بہ ضابطہ بریفنگ میں کہا کہ افغانستان کے ساتھ ہندوستان کے قریبی تعلقات رہے ہیں۔ ان تعلقات کے مختلف پہلو ہیں،جن میں مشترکہ ترقی بھی شامل ہے۔ ہم 2011 میں ہوئے ایک معاہدے کے تحت اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔ ہندوستان، افغانستان کے عوام اور حکومت کے پر امن، جمہوری اور خوشحال مستقبل
کی امیدوں کوپوراکرنے کی حمایت اور تعاون کرتا ہے جس میں افغان سماج کے تمام طبقات بالخصوص خواتین اور اقلیتوں کے مفادات کی حفاظت پوشیدہ ہو۔
مسٹر باغچی نے کہا کہ افغانستان میں تیزی سے بدلنے والے سلامتی نقطہ نظر پر ہماری پَینی نظر ہے اور ہم ایک ہمہ جہت اور فوراً جنگ بندی کی اپیل کرتے ہیں۔ ہم افغان عوام کی جانب سے ان کے کنٹرول والے امن عمل کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں افغانستان کے مسئلے پر کل بحث ہوگی۔ افغانستان میں تشدد بڑھنے پر تین اگست کو ایک پریس بیان جاری کیا گیا تھا۔ کل ہونے والی بحث میں ہندوستان اپنے وژن اور نقطہ نظر کو رکھے گا۔