چنڈی گڑھ، 3 دسمبر (یو این آئي) پنجاب کے وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ نے مرکزی حکومت سے نئے زراعتی قوانین کے سبب پیدا ہونے والی صورتحال کو جلد حل کرنے اور ان قوانین پر نظر ثانی کی اپیل کی ہے انہوں نے آج دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کرکے کسانوں کے مسئلے کو فوری طور پر حل کرنے کے لئے کوئی راستہ تلاش کرنے کی اپیل کی کیونکہ موجودہ صورتحال سے ریاست کی معیشت بری طرح متاثر ہورہی ہے اور اس سے قومی سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
مسٹر امیت شاہ سے ملاقات کے بعد وزیر اعلی نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کی حکومت کسانوں کے معاملے میں ثالثی کے لئے کسی بھی طرح سے شامل نہیں ہے۔ صرف مرکزی حکومت اور کسان ہی اس مسئلے کو حل کرسکتے ہیں۔ اس مسئلے
کا جلد حل پنجاب اور ملک دونوں کے مفاد میں ہے۔
کم سے کم امدادی قیمت کو محفوظ بنانے اور منڈی کے نظام پر مبنی اے پی ایم سی کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کیپٹن سنگھ نے مسٹر شاہ سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کو حل کرنے کے لئے کھلے دل سے کسانوں کی باتیں سنیں تاکہ پنجاب اور دیگر ریاستوں سے بڑی تعداد میں احتجاج میں شامل خواتین سمیت کسان اپنے گھروں کو واپس جاسکیں۔
مسٹر امریندرسنگھ نے کہا کہ اس مسئلے کا حل جلد تلاش کرنا ہوگا۔ مسٹر امریندر آج کسانوں اور مرکزی حکومت کے درمیان پیدا ہونے والی پیچیدہ صورتحال، کسان بھائی چارے اور کاشتکاری کے شعبے کے مستقبل کو محفوظ بنانے پر پنجاب کے موقف کو پیش کرنے کے لئے مرکزی وزیر داخلہ سے ملنے گئےتھے۔