ستنہ،15اکتوبر(ایجنسی)بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ نے آج دعوی کیا ہے کہ مرکز اور مدھیہ پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومتوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کےلئے کم وقت میں جتنا کام کیا ہے اتنا کانگریس نے اپنے 55سالہ دور اقتدار میں بھی نہیں کیا۔
مسٹر شاہ آج یہاں ضلع ہیڈکوارٹر پر منعقد 'کمل شکتی مہیلا سمیلن' سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے دعوی کیا کہ نریندر مودی اور شیوراج سنگھ چوہان حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کےلئے جو کام کئے ہیں،انہیں کانگریس 55سال میں نہیں کر پائی۔انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس نے خواتین کی برابری کے حق کےلئے لائے گئے تین
طلاق قانون کی بھی مخالفت کی،لیکن خواتین کو بااختیار بنانے اوران کی آزادی کے سلسلے میں مودی حکومت نے متعدد منصوبے نافذ کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت پہلی ایسی حکومت ہے،جس نے نو خواتین کو نہ صرف وزیر بنایا ہے،بلکہ چھ خواتین کو گورنر بنانے کا بھی کام کیا ہے،بی جےپی حکومتیں خواتین کےلئے متعدد منصوبے چلا رہی ہیں۔
اپنے تقریباً 22منٹ کے خطاب میں مسٹر شاہ نے آج ایک بار بھی کانگریس صدر راہل گاندھی کا ذکر نہیں کیا۔مسٹر گاندھی بھی آج مدھیہ پردیش کے دورے پر ہیں۔حالانکہ اس سے پہلے کل مسٹر شاہ نے ہوشنگ آباد میں اپنے خطاب کے دوران مسٹر گاندھی پر زبردست طنز کیا تھا۔