امیٹھی،24 ستمبر(ایجنسی) کیلاش مانسرور یاترا سے واپس لوٹنے کے بعد پیر کو دو روزہ دورے پر اپنے پارلیمانی حلقہ امیٹھی پہنچے کانگریس صدر راہل گاندھی کا شیو بھکتوں نے زبردست استقبال کرکے حریف پارٹی کی نیندیں اڑا دیں۔
لکھنوء میں چودھری چرن سنگھ ایئرپورٹ پر اتر کر سڑک کے راستے امیٹھی کے بہادر پور کے نگوہا گاؤں پہنچے راہل گاندھی کا شیو بھکتوں نے اپنے روایتی انداز میں استقبال کیا اور میمنٹو بھی پیش کیا۔شیو بھکتوں نے راہل گاندھی کو اپنے درمیان پاکر خوب نعرے بازی کی۔
مسٹر راہل نے نگوہا
میں" راجیو گاندھی مہلا وکاس اسکیم" کے دفتر کا افتتاح بھی کیا اور وہاں موجود اپنی مدد آپ ٹیم کے کارکنوں سے ملاقات بھی کی ۔
خیال رہے کہ راہل گاندھی کے اس دورے پر شیو کے پیروکاروں کے ذریعہ استقبالیہ پروگرام کا انعقاد اس لئے بھی کیا گیا ہے کیونکہ گذشتہ سات ستمبر کو رائے بریلی ۔امیٹھی کے ایک روزہ دورے پر گئی مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے راہل گاندھی کی مانسرور یاترا پر کئی سوال کھڑے کئے تھے ۔اسمرتی نے کہا تھا کہ عقیدے کو کبھی بھی کسی تصدیق نامے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ عقیدہ خدا کے دروازے پر خدا اور بھکت کے بیچ کا تعلق ہوتا ہے۔ نا بھگوان سرٹیفکیٹ مانگتا ہے اور نہ بھکت کو سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہوتی ہے جو آج سرٹیفکیٹ دے رہے ہیں انہیں پتہ ہونا چاہئے کہ یہ بھکتی کا راستہ نہیں ہے بلکہ سیاسی طور پر خود کو بااختیار کرنےکی ایک کوشش ہے۔