نئی دہلی ، 31 مئی (یو این آئی) عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ وزیر صحت ستیندر جین پرعائد کئے گئے تمام الزامات فرضی ہیں اور انہیں صرف سیاسی وجوہات کی بنا پر گرفتار کیا گیا ہے۔
مسٹر کیجریوال نے ’ آپ ‘ کے ہماچل پردیش الیکشن انچارج اور کابینہ وزیر ستیندر جین کی گرفتاری پر ایک پریس کانفرنس میں منگل کو کہا کہ دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین کو مرکزی حکومت نے گرفتار کیا ہے۔ میں نے ستیندر جین کے معاملے کے تمام کاغذات دیکھے ہیں ۔ کیس مکمل طور پر فرضی ہے ۔ ہم کٹرایماندار
اور محب وطن لوگ ہیں۔ ہم لوگ بدعنوانی کو ملک کے ساتھ غداری مانتے ہیں ۔ ہم سر کٹا سکتے ہیں لیکن کرپشن نہیں کریں گے اور ملک سے کبھی غداری نہیں کریں گے۔
پنجاب کی مثال دیتے ہوئے ’آپ ‘کے قومی کنوینر نے کہا کہ ابھی کچھ دن پہلے پورے ملک نے دیکھا کہ کس طرح ہم نے پنجاب میں اپنے ہی ایک وزیر کو برطرف کرکے جیل بھیج دیا۔ کسی کو بھی ان کی کرپشن کا پتہ نہیں تھا ۔ نہ میڈیا کو پتہ تھا نہ اپوزیشن کو پتہ تھا ۔ ہم چاہتے تو سارے معاملے کو دبا سکتے تھے لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا ۔ ہم ملک سے غداری نہیں کر سکتے ۔ ہم اپنی ’آتما‘ سودا نہیں کرتے۔