نئی دہلی، 18دسمبر(ایجنسی)ملک کی سیاست میں اس وقت تبدیلی کے آثار نظر آرہے ہیں دارالحکومت دہلی میں پہلی بار قومی سطح پر خواتین کی فلاح و بہبود اور ان کی حالت سدھار نے کی غرض سے نیشنل وومنس پارٹی (این ڈبلیوپی)کا قیام عمل میں آیا ہے۔ یہ پارٹی پوری طرح خواتین کے لئے وقف ہے۔نوتشکیل شدہ پارٹی کی قومی صدراور سماجی کارکن ڈاکٹر شویتا شیٹی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل وومنس پارٹی (این ڈبلیوپی) کا ہدف خواتین کو، خاص طور پر پسماندہ اور محروم عورتوں کی نمائندگی کرنا ہے۔یہ وہ خواتین ہیں جو موجودہ نظام سے مایوس ہیں اورانہیں انصاف پانے کے لئے ایک دفتر سے دوسرے دفتر کا چکر لگانا پڑتا ہے ،اس کے باوجود انہیں کچھ حاصل نہیں ہوتا۔وہ در در کی ٹھوکریں کھاتی ہیں اور ہر سطح پر انہیں ظلم و تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ پارٹی ان خواتین کی آواز بنے گی جو گھریلو تشدد اورسماجی ناانصافی کی شکار
ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل وومنس پارٹی کا نظریہ خواتین کو کمزور سمجھ کر ان کا حوصلہ بڑھانا نہیں ہے بلکہ انہیں ہر شعبہ مساوی حقوق فراہم کرانا ہے۔انہوں نے خواتین کے لئے 33فی صد ریزرویشن کے بجائے50فی صد ریزرویشن کا مطالبہ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی خواتین کی حالت میں کوئی سدھار نہیں ہوپایا ہے اور ان کے خلاف جرائم کی واردات مسلسل بڑھ رہی ہیں، اس لئے پارٹی خواتین کے مفادات کے لئے کام کرے گی اور انہیں خود مختار بنانے کی کوشش کرے گی۔
سماجی کارکن محترمہ شویتا شیٹی نے کہا کہ نیشنل وومنس پارٹی نے اپنا کام زمینی سطح پر 2102شروع کردیا تھا لیکن اسے آج باقاعدہ ایک پارٹی کی شکل دی گئی۔