نئی دہلی،30 دسمبر(یواین آئی) مرکزی سکریٹری صحت راجیش بھوشن نے تمام ریاستوں اور مرکزکےزیرانتظام علاقوں کو ایک خط لکھا ہے تاکہ نئے سال کے موقع پر منعقدہ تقریبات کے ذریعہ کورونا وائرس کے انفیکشن کے پھیلاؤ کے امکان کے بارے میں متنبہ کیا جائے اس موقع پر منعقدہ تقریبات کے دوران ، انفیکشن پھیلنے کا امکان بڑھ جاتا ہے ، جس کے پیش نظر سیکرٹری صحت نے ایک خط لکھا ہے جس میں تمام ریاستوں اور مرکزکے زیرانتظام علاقوں کو زیادہ محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے سردیوں کے موسم میں انفیکشن کے بڑھتے ہوئے معاملات پر بھی خبردار کیا ہے۔مسٹر بھوشن نے تمام ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ مقامی صورتحال کے مطابق
30 اور 31 دسمبر اور یکم جنوری 2021 کو مناسب پابندیاں لگانے پر غور کرسکتے ہیں۔ تاہم ، کوئی ریاست، ریاستوں کے اندر اور اس کے درمیان افراد اور سامان کی نقل و حرکت پر پابندی نہیں لگاسکتی ہے۔وزارت صحت نے برطانیہ میں پائے جانے والے کورونا کی نئی شکل کے پیش نظر برطانیہ سے ہندوستان آنے والی پروازوں پر31 دسمبر تک لگائی گئی پابندی کو 7 جنوری تک بڑھانے کی بھی سفارش کی ۔ وزارت صحت کی اس سفارش پر ، شہری ہوا بازی کی وزارت نے 7 جنوری تک برطانیہ سے آنے والی تمام پروازوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ وزارت صحت نے یہ بھی کہا ہے کہ سات جنوری 2021 کے بعد برطانیہ سے آنے والی پروازوں کی تعداد پر بھی پابندی لگانے پر غور کیا جانا چاہئے۔