مکہ/22مئی(ایجنسی) مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے ارد گرد کے وسطی علاقے میں واقع تمام ہوٹل رمضان المبارک کے آخری عشرے کے لیے ابھی سے بُک ہوگئے ہیں ۔
ہوٹل کی صنعت سے وابستہ ذرائع نے بتایا ہے کہ مکہ مکرمہ کے اس علاقے میں واقع ہوٹلوں کے 162000 سے زیادہ کمرے ہیں، ان میں سے 155000 کمرے رقم کی پیشگی ادائی پر بُک ہوچکے ہیں ۔
وسطی علاقےمیں واقع ایک ہوٹل ڈائریکٹر مارکیٹنگ رضا شیلابی نے بتایا ہے کہ ان کے ہوٹل کے کل 810
کمرے ہیں اور وہ تمام کے تما م عازمین عمرہ نے بُک کرالیے ہیں۔انھوں نے بتایا کہ رمضان کے پہلے عشرے کے دوران میں ایک کمرے کا کرایہ 1950 سعودی ریال سے 2500 سعودی ریال تک ہے اور اس میں افطار کا کھانا بھی شامل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آخری عشرے کے لیے دو کمروں کے نرخ میں بہت زیادہ اضافہ ہوچکا ہے اور یہ 28 ہزار سعودی ریال تک پہنچ گیا ہے۔اس میں بھی افطار کا کھانا شامل ہے۔ان کے بہ قول:" رمضان سے تین ماہ قبل ہی کمرے اور سوئٹس بُک ہونا شروع ہوگئے تھے۔ہم سعودی عرب اور بیرونی ممالک سے اس ماہِ مقدس کے آخری عشرے کے دوران میں بڑی تعداد میں کاروباری شخصیات کی عمرے کی ادائی کے لیے آمد کی توقع کررہے ہیں "۔