مراد آباد/23جون(ایجنسی) اترپردیش کے مرادآباد میں گلے مل کر عید کی مبارک باد دینے والی علیشا ملک نے اپنی حرکت پر معافی مانگی ہے۔ مسلم مذہبی رہنماؤں کے اعتراض کے بعد علیشا ملک نے لڑکوں سے گلے مل کر عید منانے پر وضاحت پیش کی ۔ علاوہ ازیں ان تمام لوگوں سے معافی مانگی ، جنہوں نے وائرل ویڈیو پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے علیشا کے اس قدم کو اسلام کے خلاف بتایا تھا ۔ علیشا ملک کے مطابق اس واقعہ کے بعد اس کا گھر سے باہر نکلنا مشکل ہو گیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ ویڈیو وائرل ہو جانے کی وجہ سےان کے خاندان کی پریشانیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
text-align: start;">
واضح ہو کہ عید کے موقع پر علیشا کا ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا، جس میں قطار میں کھڑے لڑکوں سے وہ گلے مل کر عید کی مبارک باد دے رہی تھی ۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد مسلم مذہبی رہنماوں نے اسے اسلام مخالف قرار دیا تھا ۔ وہیں دوسری جانب علیشا ملک کا کہنا ہے کہ وہ گلے مل کر عید کی خوشیاں بانٹنا چاہتی تھیں، لیکن ان پر مذہب اور خاندان کا مذاق اڑانے کا الزام لگنے لگا ۔ لوگ کہہ رہے ہیں کہ میڈیا میں آنے کے لئے اور خبروں میں چھانے کے لئے علیشا نے عید کے مبارک موقع پر یہ کام کیا۔