نئی دہلی 6 اکتوبر (یواین آئی) اترپردیش کے لکھیم پورکھیری میں رونما ہونے وانے واقعہ کے تعلق سے ملک بھرمیں مچے سیاسی ہنگامے کے درمیان مرکزی وزیرمملکت برائے داخلہ اجے مشرا نے آج یہاں وزیرداخلہ امت شاہ سے ملاقات کرکے وضاحت دی قابل ذکر ہے کہ اتوار کو لکھیم پور میں کچھ کسانوں کو جیپ سے کچلنے کے معاملے میں مسٹر مشرا کے بیٹے آشیش مشرا کو الزامات کے کٹہرے میں کھڑاکئے جانے کے بعد آشیش کے خلاف اس معاملے مین ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ لکھیم پور تشدد میں چارکسانوں سمیت کل آٹھ افراد کی موت ہوئی ہے اس واقعہ کے
بعد پہلی بار دارالحکومت آئے مسٹر مشرا نے مسٹر شاہ سے ملاقات کی۔ یہ کہا جارہا ہے کہ مسٹر مشرا نے ملاقات کے دوران اس واقعہ کے بارے میں اپنی جانب سے صفائی پیش کی ہے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ مسٹر مشرا نے خود مسٹر شاہ سے ملاقات کی یا انہیں حکومت نے اس سلسلے میں طلب کیا تھا۔
دوسری طرف اپوزیشن اس واقعہ کے تعلق سے حملہ آور ہے اوروہ مسٹر مشرا کے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہا ہے اور ان کے بیٹے کو گرفتار کرنے کے مطالبے پر بضد ہے۔ اب تک اتر پردیش حکومت نے تمام اپوزیشن لیڈروں پر لکھیم پور جانے پر پابندی لگارکھی تھی۔