نئی دہلی، 24 نومبر (یو این آئی) قومی دارالحکومت میں منگل کے روز ہوا کا معیار پھر سے انتہائی خراب زمرے میں آگیا اور دوپہر 1 بجے ہوا کے معیار کا انڈیکس 371 ریکارڈ کیا گیا۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق دارالحکومت کے آنند وہار، آئی ٹی او، چاندنی چوک اور اوکھلا فیز- 2 سمیت دیگر علاقوں میں ہوا کے معیار کا انڈیکس 400 سے اوپر رہا۔ ان مقامات پر ہوا کا معیار 'سنگین' زمرے میں رہا۔
اس کے علاوہ دارالحکومت سے متصل غازی آباد میں ہوا کا معیار بھی سنگین زمرے میں درج کیا گیا اور سی
پی سی بی کے مختلف مانیٹرنگ مراکز میں پورے ضلع میں ہوا کے معیار کا انڈیکس 400 سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح نوئیڈا میں دو مراکز میں ہوا کے معیار کا انڈیکس 400 ریکارڈ کیا گیا جبکہ دوسرے دو مراکز میں یہ 350 کی سطح پر تھا۔
دہلی میں آج صبح کم از کم درجہ حرارت 6.8 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا اور رطوبت کی شرح 95 فیصد رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دن کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگڑی سلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے، جبکہ پیر کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔