نئی دہلی، 27 اپریل (ایجنسی) پسنجر سروس سسٹم میں خرابی کی وجہ سے سرکاری طیارہ خدمات کمپنی ایئر انڈیا کی پروازیں ہفتے کی صبح تقریباً چھ گھنٹے تک ٹھپ رہیں، جس کے سبب ایئر انڈیا کے مسافر ہوائی اڈوں پر پھنسے رہے۔
ایئر لائن کے لیے مسافر خدمات نظام مہیا کرانے والی امریکی کمپنی ’سیتا‘ کے سافٹ ویئر میں خرابی کی وجہ سے اس کا سرور ڈاؤن رہا جس کے سبب جہاز پرواز نہیں کرسکے۔ اس خرابی سے آج رات تک پروازوں میں تاخیر ہونے کا خدشہ ہے۔ کل 155 پروازوں میں اوسطاً دو گھنٹے کی تاخیر کا امکان ہے، 18 گھریلو پروازوں کا وقت بدلا گیا ہے اور کچھ پروازیں منسوخ بھی کرنی پڑ سکتی ہیں۔
ایئر انڈیا کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائرکٹر
اشونی لوهاني نے بتایا کہ ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 3.30 سے 4.30 تک سیتا کا سرور معمول کی جانچ کے لئے بند کیا گیا تھا۔ اس دوران پروازیں نہیں ہوتیں۔ لیکن، سرور کو دوبارہ شروع کرنے پر اس کے سافٹ ویئر میں کچھ خرابی آ گئی۔ امریکہ اٹلانٹا میں ’سیتا‘ کے انجینئروں کی ٹیم مسلسل کوشش کرتی رہی اور صبح 8.45 بجے پیسنجر سروس سسٹم درست کیا جا سکا۔
اس خرابی کی وجہ چیك ان اور بیگج سسٹم کے ساتھ ہی ریزرویشن کا عمل بھی متاثر رہا۔ ایئر انڈیا اور اس کی معاون کمپنی ایئر انڈیا ایکسپریس کی سبھی پروازیں صبح 10 بجے تک متاثر رہیں۔ اس دوران مسٹر لوهاني سمیت ایئر لائن کے سبھی سینئر افسر ہوائی اڈوں پر موجود رہ کر صورتحال پر نظررکھے ہوئے تھے۔