بھیماورم ، 4 جولائی (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ملک کی آزادی کے لئے جانوں کی بازی لگانے والے مجاہدین آزادی کے خوابوں کو پوراکرنے کے لئے ہم تمام ہندوستانیوں کو ایسا ہندوستان بنانے کی ذمہ داری ہے جس میں غریب، کسان، مزدور، پسماندہ، قبائلی سب کے لئے مساوی مواقع ہوں مجاہد آزادی الوری سیتارام راجو کے 125ویں یوم پیدائش کی تقریبات سے پیر کو آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت سال بھر کی تقریبات کا آغاز کرتے ہوئے مسٹرمودی نے کہا، ’’آج ایک طرف ملک آزادی کے 75 سال کا امرت مہوتسومنارہا ہے، تو ساتھ ہی الوری سیتارام راجو گارو کی 125 ویں یوم
پیدائش کا موقع بھی ہے۔ اتفاق سے اسی وقت ملک کی آزادی کے لیے ہوئی ’رمپا کرانتی‘ کے بھی 100 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ الوری سیتارام راجو گارو کی 125 ویں یوم پیدائش اور رمپا کرانتی کی 100 ویں سالگرہ سال بھر منائی جائے گی۔
انہوں نے اہل وطن سے مطالبہ کیا کہ سب کو مل کر آزادی پسندوں کے خوابوں کو پورا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امرت کال میں ان مجاہدین آزادی کے خوابوں کو پورا کرنا ہم سب ہم وطنوں کی ذمہ داری ہے۔ ہمارا نیا ہندوستان ان کے خوابوں کا ہندوستان ہونا چاہئے۔ ایک ایسا ہندوستان - جس میں غریبوں، کسانوں، مزدوروں، پسماندہ، قبائلیوں سب کے لیے یکساں مواقع ہوں۔