نئی دہلی،06 اکتوبر(یواین آئی) انڈین فارمرس فرٹیلائزر کو آپریٹو لیمیٹڈ (افکو) نے زرعی تکنیک اور زرعی سائنسی تحقیق کی تشہیر کے لئے پرسار بھارتی کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے ہیں۔
افکو کے منیجنگ ڈائریکٹر ادے شنکر اوستھی نے منگل کو ٹویٹ کرکے یہ اطلاع دی۔ اس معاہدے کے تحت جدید زرعی تکنیک کو آسان زبان میں ڈی ڈی کسان چینل پر دکھایا جائے گا۔اس موقع پر مرکزی حکومت کے چیف سائنس داں مشیر وجے راگھون اور پرسار بھارتی کے کئی سینئر افسر موجود
تھے۔
مسٹر راگھون نے اس معاہدے کو تاریخی بتاتے ہوئے کہا کہ اس سے کسانوں کی تکنیک گاؤں گاؤں تک پہنچ سکے گی اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ڈی ڈی کسان کی پہنچ زیادہ تر کسانوں تک ہے جس سے اس کا وسیع تر فائدہ ہوگا۔
مسٹر اوستھی نے معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ڈی کسان چینل ان کے دل کے نزدیک ہے۔افکو کسانوں کی تنظیم ہے اور اس معاہدے سے وزیراعظم نریندرمودی کے کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کے خواب کو تیزی سے پورا کیا جا سکے گا۔