نئی دہلی، 17 جون (یو این آئی) نئی بھرتی اسکیم اگنی پتھ کے خلاف ملک میں ہنگامہ آرائی کے بعد فوج نے آج بھرتی کا عمل جلد شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دو دن میں فوج کی ویب سائٹ پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ سب کچھ منصوبہ کےمطابق رہا تو پہلا اگنی ویر اگلے دسمبر کے آخر تک رجمنٹ میں پہنچ جائے گا۔
فوج نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ مستقبل میں جوانوں کی بھرتی صرف اگنی پتھ اسکیم کے تحت کی جائے گی اور پرانے عمل کے تحت بھرتی روک دی گئی ہے۔ فوج کی جانب سے احتجاج کرنے والے نوجوانوں
سے کہا گیا ہے کہ وہ ایجی ٹیشن چھوڑ دیں اور بھرتی کی تیاری شروع کریں کیونکہ بھرتی کا عمل جلد شروع ہونے والا ہے۔
وائس چیف آف آرمی اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجو نے جمعہ کو یہاں منتخب صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اگنی پتھ اسکیم اور نوجوانوں میں پائے جانے والے خوف کے بارے میں مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک بار اگنی ویر کے طور پر بھرتی ہونے والے جوان کو فوج سے باہر آنے کے بعد سابق فوجی کے بجائے اگنی ویر کہا جائے گا اور اسے ملک میں فخر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔