ریاض۔ سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبد العزیز نے فلسطینی ریاست کی حمایت سے متعلق مملکت کے ٹھوس اور مضبوط موقف کا ایک بار پھر اعادہ کیا ہے۔ پیر کی رات امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے فون پر ہوئی بات چیت میں انہوں نے مشرق وسطیٰ میں امن عمل میں تیزی لانے پر زور دیا۔ سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق، شاہ سلمان نے کہا کہ فلسطین معاملہ پر سعودی عرب کا موقف ٹھوس اور مضبوط ہے اور سعودی عرب فلسطینی عوام کے اس قانونی حق کی مکمل تائید کرتا ہے کہ ان کے لئے ایک آزاد ریاست تشکیل دی جائے جس کا دارالحکومت یروشلم ہو۔
دریں اثنا، فلسطین کے صدر محمود
عباس نے شاہ سلمان کی ستائش کی ہے اور فلسطین کی حمایت کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ان کے بیٹے اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی جریدہ’ دی اٹلانٹک‘ سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل کو اپنی سرزمین پر رہنے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے بظاہر اس متنازع خطے پر اسرائیلی اور فلسطینی دعووں کو برابر قرار دے دیا۔ ان سے جب پوچھا گیا کہ کیا یہودی لوگوں کو اپنے قدیمی آبائی علاقوں میں کم از کم جزوی طور پر ایک خودمختار ریاست کا حق ہے تو ان کا کہنا تھا کہ ’’میرا ماننا ہے کہ تمام لوگوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ ایک پرامن ریاست میں رہیں۔‘‘