سرینگر/12جنوری(ایجنسی) وادی کشمیر میں 29 برس کے طویل عرصے کے بعد سنیما گھروں کا دوبارہ کھلنا تقریباً طے ہے۔ گرمائی دارالحکومت سری نگر کے سیول لائنز میں جہاں ایک ملٹی پلیکس (ایک سے زیادہ سکرینوں والے سنیما گھر) کی تعمیر کا کام شروع ہوگیا ہے، وہیں قریب تین دہائیوں سے بند پڑے سنیما گھروں کو دوبارہ کھولنے کی کوششیں بھی شروع ہوگئی ہیں۔
یو این آئی کو انتہائی باوثوق ذرائع سے معلوم
ہوا کہ سیول لائنز (سری نگر) میں ملٹی پلیکس سنیما گھر کی تعمیر کا کام اور بند پڑے سینما گھروں کی بحالی کی کوششیں ریاستی گورنر ستیہ پال ملک کی معاملے میں ذاتی دلچسپی سے شروع ہوئی ہیں۔
ریاستی انتظامیہ کے ایک سینئر ترین عہدیدار نے یو این آئی کو نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ سری نگر کے سیول لائنز میں ایک ملٹی پلیکس سینما گھر کی تعمیر کا کام جاری ہے، تاہم انہوں نے اس کی جائے تعمیر اور مالکانہ حقوق سے متعلق تفصیلات منکشف کرنے سے معذرت ظاہر کردی۔