نئی دہلی : کابل میں واقع ہندوستانی سفارتخانہ کے احاطہ میں پیر کی رات ایک راکٹ گرا ہے ۔ وزارت خارجہ کے مطابق اس راکٹ سے احاطہ کی دیوار کو نقصان پہنچا ہے ۔ حالانکہ سفارت خانہ کے سبھی ملازمین محفوظ ہیں ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا کہ کوئی آگ نہیں لگی ہے اور ہی اس واقعہ میں کسی کے فوت ہونے کی کوئی اطلاع ہے۔
ترجمان رویش کمار نے ٹویٹ کیا کہ کابل میں واقع ہمارے سفارتخانہ کے احاطہ میں ایک راکٹ گرا ہے ، جس سے احاطہ کے عقبی
جانب دیواروں کو معمولی نقصان پہنچا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وہاں تعینات ہندوستان کے سبھی ملازمین محفوظ ہیں۔
فی الحال یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ ہندوستانی سفارتخانہ اس حملہ کا نشانہ تھا ۔ خیال رہے کہ جس جگہ پر حملہ ہوا ہے وہ کابل کے سب محفوظ علاقوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ راکٹ کابل میں ہندوستان کے چانسری کمپاونڈ میں گرا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کوئی فوت نہیں ہوا ہے اور سبھی ملازمین محفوظ ہیں ۔