نئی دہلی،23 مارچ (یواین آئی) مرکزی وزارت داخلہ نے ملک کے کچھ حصوں میں کورونا کی وبا کے بڑھتے معاملوں کے پیش نظر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے ٹیسٹ ،ٹریک اور ٹریٹ یعنی کورونا کی جانچ،مریض کے رابطے میں آنے والے لوگوں کا پتہ لگانے اور مریضوں کے علاج کی تین سطحی پالیسی پر تیزی اور پوری سختی سے کام کرنے کو کہا ہے۔
وزارت نے کورونا کی وبا کے انفیکشن پر روک لگانے کےلئے منگل کو جاری ہدایات میں تین سطحی پالیسی کے ساتھ ساتھ کورونا سے متعلق پروٹوکول کو پوری طرح نافذ کرنے اور ٹیکہ کاری مہم کو تیز کرنے کی بھی بات کہی ہے۔اس کے ساتھ ہی مختلف سرگرمیوں کےلئے پہلے سے جاری ضابطہ عمل کو بھی سختی سے نافذ کرنے کی مرکز اور ریاست حکومتوں کو ہدایت دی گئی ہے۔ آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کی
تعداد بڑھائے جانے پر بھی خصوصی توجہ دینے کو کہا گیا ہے۔
نئی ہدایات یکم اپریل سے شروع ہوں گی اور 30 اپریل تک نافذ رہیں گی۔
ہدایات میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ کورونا کے خلاف مہم میں اب تک ملک نے جو کامیابی حاصل کی ہے اسے برقرار رکھنے کےلئے ہر ممکن کوشش اور اقدامات کئے جانے چاہئے۔
ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کنٹینمنٹ زون کے باہر سبھی سرگرمیاں پہلے سے ہی کھولی جا چکی ہیں اور اس کے لئے ضابطہ عمل بھی نافذ ہیں لیکن انہیں پوری طرح اور سختی سے نافذ کئے جانے کی ضرورت ہے۔ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے آر ٹی پی سی آرکی جانچ کو 70 فیصد تک پہنچانے کو کہا گیا ہے۔ متاثرہ لوگوں کا پتہ چلنے پر انہیں الگ کرنے اور رابطوں کا پتہ لگانے اور مریضوں کا علاج کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔