نئی دہلی،17 مئی (یواین آئی) ملک میں کورونا وائرس (كووڈ -19) کے ایک دن میں ہی تقریبا پانچ ہزار کیسز کے سامنے آنے کے ساتھ متاثرین کی مجموعی تعداد 90 ہزار کے اعداد و شمار کو پار کر گئی ہے اورہندوستان اب دنیا بھر میں وبا کے سب سے زیادہ اعداد و شمار والے ممالک کی فہرست میں 11 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔
صحت کی مرکزی وزارت کی جانب سے اتوار کی صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا انفیکشن کے 4987 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اسی مدت میں 120 افراد کی موت ہوئی ہے. ملک بھر میں اب تک کل 90،927 لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 2872 افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ 34،109 لوگ اس انفیکشن سے مکمل طور ٹھیک ہوئے ہیں اور انہیں مختلف اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔
ملک میں کورونا سے
سب سے زیادہ مہاراشٹر متاثر ہوا ہے اور اس کی وجہ سے ریاست کی حالت مسلسل بگڑ رہی ہے. مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1606 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 30،706 ہو گئی ہے اور کل 1135 لوگوں کی موت ہو چکی ہے جبکہ 7088 لوگ اس انفیکشن سے ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔
کوروناوائرس سے متاثر ہونے کے معاملے میں ریاست گجرات دوسرے نمبر پر ہے اور یہاں متاثرین کی تعداد پانچ عدد میں آ گئی. گجرات میں اب تک 10،988 لوگ اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 625 اموات ہوئی ہیں جبکہ 4308 لوگوں کے علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے چھٹی مل چکی ہے۔ کورونا وائرس انفیکشن کے کیسز میں پانچ عدد کی فہرست میں تمل ناڈو تیسرے نمبر پر ہے. یہاں کل متاثرین کی تعداد 10،585 ہو گئی ہے اور اس وبا سے 74 افراد کی موت ہو چکی ہے. اس کے علاوہ 3538 لوگ اس بیماری سے شفایاب بھی ہوئے ہیں۔